ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کنداپور کے قریب تراسی بیچ پر سرکاری بس زیرتعمیربریج سے ٹکراگئی؛ دس زخمی ایک کی حالت نازک

کنداپور کے قریب تراسی بیچ پر سرکاری بس زیرتعمیربریج سے ٹکراگئی؛ دس زخمی ایک کی حالت نازک

Tue, 20 Sep 2016 10:38:38    S.O. News Service

کنداپور20/ ستمبر (ایس او نیوز) تعلقہ کے مرونتےاور تراسی کے درمیان ایک زیرتعمیر بریج سے ٹکراکر سرکاری بس حادثے کا شکار ہوگئی، جس میں کم و بیش دس مسافر زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں ایک کو شدید چوٹ لگی ہے اور اُسے منی پال اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

موصولہ اطلاع کے مطابق رات قریب ڈھائی بجے بس غالباً کسی سواری کو اوورٹیک کرنے کی کوشش میں بے قابو ہوگئی اور قریب میں واقع زیرتعمیر بریج سے ٹکراگئی۔ بس پر قریب 30 مسافر سوار تھے، جس میں سے بس ڈرائیور اور کنڈیکٹر سمیت چار لوگوں کو کنداپور کے چنمائی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے، ایک کو منی پال لے جایا گیا ہے البتہ دیگر پانچ مسافروں کو مرہم پٹی کے بعد گھر جانے کی اجازت دی گئی ہے۔

منی پال میں ایڈمٹ شدید زخمی مسافر کی شناخت ویریش (28) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔جس کا تعلق ضلع گدگ کے کلسا سے ہے۔ کنداپور اسپتال میں ایڈمٹ بس ڈرائیورکم کنڈیکٹر کی شناخت گدگ کے کوٹے گنجی کے رہنے والے جیون ساب، دوسرا ڈرائیور بادامی کے ایشور اور زخمی مسافر شیرہٹی کے موگیری ہونے کے رہنے والے بسوراج اور گدگ کے رہنے والے یلپّا کی حیثیت سے کی گئی ہے۔

بس گدگ سے مینگلور جارہی تھی، بیندور تک ایشور نے بس ڈرائیو کی تھی، بیندور میں چائے پینے کے بعد کنڈیکٹر کم بس ڈرائیور جیون ساب نے ڈرائیونگ سنبھالی تھی، مرونتے سے تراسی کے درمیان واقع بیچ روڈ پربس حادثے کا شکار ہوگئی۔ ایک مسافر نے مقامی اخبارنویس کو بتایا کہ بس ایک لاری کو تیز رفتاری کے ساتھ اوورٹیک کرنے کی کوشش میں بے قابو ہوگئی تھی اور بریج سے ٹکراگئی تھی۔ بتایا جارہا ہے کہ اگر بالفرض وہاں بریج نہ ہوتی تو بس تیزی کے ساتھ قریبی ندی میں جاگرتی جس سے بہت بڑا حادثہ ہوسکتا تھا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی گنگولی 24X7 ہیلپ لائن سروس کے نوجوان ابراہیم ایم ایچ کی قیادت میں ایمبولنس کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے فوری طور پر زخمیوں کو قریبی اسپتال میں منتقل کیا۔ ویریش کو فوری طور پر  منی پال لے جانے کی صلاح دی گئی تو مسافر کے ساتھ اُس کے رشتہ دار کا ہونا ضروری ہوتا ہے، مگر ابراہیم ایم ایچ نے ا پنی ذمہ داری پر فوری اُسے منی پال اسپتال منتقل کیا اور مینگلور میں موجود ویریش کے رشتہ داروں کو فون پر واقعے کی جانکاری دی، جو صبح قریب پانچ بجے منی پال پہنچ گئے۔ خیال رہے کہ ابراہیم ایم ایچ کنداپورمیں ساحل آن لائن کے رپورٹر ہیں۔

 


Share: